بیلگاوی،11؍مارچ (ایس او نیوز) بی جے پی والوں میں کامن سینس کس کے پاس ہے؟ اس قسم کا طنز آمیز سوال ریاستی وزیر داخلہ ایم بی پاٹل نے کیا اور بی جے پی کے قائدین پر راست ہلہ بولا ہے ۔ شہر میں آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر بی ایس ایڈی یورپا اے آئی سی سی کے صدر راہل گاندھی پرتنقید کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ انہیں کامن سینس نہیں ہے ۔ اس لئے میں ان سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ بی جے پی والوں میں کامن سینس کس کے پاس ہے۔ پلوامہ دہشت گردانہ حملہ کے بعدایڈی یورپا نے راہل گاندھی پر طنز کیا تھا ۔ ایڈی یورپا اور ایشورپا کے پاس کتنی کامن سینس ہے ۔ یہ سب کو معلوم ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ منڈیا لوک سبھا حلقہ سے سما لتا امبریش کا کانگریس ٹکٹ مانگنا کوئی غلط نہیں ہے ۔ لیکن کانگریس اور جے ڈی ایس کے اتحاد کے معاملہ میں منڈیا کو جے ڈی ایس کے لئے چھوڑ دیاگیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات میں سیٹوں کی تقسیم کے معاملہ میں ابھی اتفاق رائے نہیں ہوا ہے۔ ذرائع ابلاغ میں آئی ہوئی خبروں میں کوئی سچائی نہیں ہے۔